پٹنہ:17/اپریل(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) بہار کے اقتدار میں شریک راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے صدر لالو پرساد یادو نے مرکز میں حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر جم کر حملہ بولا، اورکہا کہ ایک طرف مہاتما گاندھی اور دوسری طرف ناتھورام گوڈسے کی تصویر پرخراج عقیدت پیش کرنے کادکھاوا نہیں چلنے دیا جائے گا۔
بابائے قوم مہاتما گاندھی کے چمپارن سفر کے100 سال پورے ہونے کے موقع پرپٹنہ میں منعقد ایک پروگرام کے دوران لالو کے علاوہ بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار اور کانگریس نائب صدر راہل گاندھی نے بھی بی جے پی پر نشانہ لگایا۔پیر کو پٹنہ میں منعقد پروگرام کے دوران صدر ڈاکٹر پرنب مکھرجی نے مجاہدین ِآزادی کو نوازا، اس پروگرام میں ریاستی حکومت نے تمام جماعتوں کے رہنماؤں کو مدعو کیا تھا، لیکن بی جے پی اور اس کے اتحادیوں نے لالوپرساد یادو کے چارہ گھوٹالے میں ملوث ہونے کی بنیاد پر پروگرام کا بائیکاٹ کیا۔اسی بائیکاٹ کو بنیاد بنا کر وزیر اعلی نتیش کمار نے اشاروں -اشاروں میں مہاتما گاندھی کا حوالہ دیتے ہوئے پروگرام میں شامل مہمانوں کا بھی شکریہ ادا کیا،اورجونہیں آئے، ان کا بھی علیحدہ شکریہ ادا کیا۔
نتیش کمار نے بی جے پی لیڈروں پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کوپارٹی کے نہیں، نظریاتی نقطہ نظر سے دیکھنے کی ضرورت تھی۔ نتیش کمار نے یہ بھی کہا کہ جب ملک میں تصادم اور عدم برداشت کا ماحول بنا ہواہے، اس میں گاندھی کے خیال کو لے کر ہی آگے بڑھا جا سکتا ہے۔ بہارکے وزیراعلیٰ نے بی جے پی اور اتحادیوں کی طرف سے کئے گئے بائیکاٹ پر کہا کہ پروگرام میں آنا یا نہ آنا ان پر منحصر ہے، اور انہیں اس بات سے کوئی شکایت نہیں ہے۔